
بھارتی سائنسدانوں نے کاغذ کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کرنے والی کٹ تیار کر لی
ممبئی: بھارت میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے کورونا کا کاغذ کے ذریعے کیا جانے والا ٹیسٹ متعارف کرایا ہے جو دیگر ٹیسٹوں کی نسبت سستا بھی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا ٹیسٹ کا یہ نیا طریقہ حمل کے لیے جانے والے ٹیسٹ سے ملتا جلتا ہے اور عوام کی پہنچ میں ہو گا۔
سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ کاغذ کے ذریعے کیے جانے والے ٹیسٹ کے نتائج ایک گھنٹے میں حاصل کیے جا سکیں گے جب کہ اس ٹیسٹ کی قیمت صرف پانچ سو بھارتی روپے ہو گی۔
فیلوڈا نامی اس ٹیسٹ کٹ کو بھارت کی معروف کمپنی ٹاٹا نے تیار کیا ہے، یہ کاغذ کے ذریعے کورونا کا ٹیسٹ کرنے والی پہلی کٹ ہوگی جو مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
بھارتی حکومت کے مشیر برائے سائنس نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک قابل اعتماد اور سادہ ٹیسٹ ہے۔
دہلی میں موجود سی ایس آئی آر انسٹیٹیوٹ آف جینوم کے محققین نے تقریباً 2000 مریضوں کا آزمائشی ٹیسٹ کیا ہے، ان مریضوں میں کورونا کا ایسا مریض بھی تھا جس کا ٹیسٹ پہلے ہی مثبت آچکا تھا۔
فیلوڈا ٹیسٹ کٹ سی ایس آئی آر انسٹیٹیوٹ آف جینوم میں ہی تیار کی گئی ہے۔ بھارت کے ڈرگ ریگولیٹرز نے ٹیسٹ کو کمرشل استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس کٹ کی مدد سے بھارت کی 12 سو لیبارٹریوں میں ایک دن میں لاکھوں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے بھارت میں کورونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد بھارت کورونا متاثرین کے حوالے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
کورونا کی وبا سے رواں سال کے دوران بھارت میں ایک لاکھ افراد لقمہ اجل بنے۔