
ماہرہ خان کورونا میں مبتلا، مداحوں سے فلمیں تجویز کرنے کی درخواست
عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کو اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، جس کے بعد میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں نے ان تمام لوگوں کو آگاہ کر دیا ہے جو گزشتہ کچھ دنوں سے میرے ساتھ رابطے میں تھے، اورجن کے ساتھ میں نے ملاقات کی تھی۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ مجھے معلوم ہے ک یہ بالکل اچھی خبر نہیں ہے، تاہم ان شاءاللہ بہت جلد ٹھیک ہو جاؤں گی۔
اس موقع پر اداکارہ نے عوام سے درخواست کی کہ اپنی خاطر اور دوسرے لوگوں کی جان کی خاطر براہ کرم ماسک پہنیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کے ساتھ قرنطینہ میں وقت گزارنے کیلئے اچھی فلمیں تجویز کرنے کا بھی کہا ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین ماہرہ خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ تبصرے کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف، گلوکار جواد احمد، بہروز سبزواری، عثمان مختار، ندا یاسر، ماڈل علیزے گبول، صحیفہ جبار، امیر گیلانی، مریم نفیس اور واسع چوہدری سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی کل تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 796 تک جا پہنچی ہے۔