
دنیا کی امیرترین خاتون میکنزی اسکاٹ کی 4 ماہ میں 700 ارب روپے کی خیرات
دنیا کی امیر ترین خاتون میکنزی اسکاٹ نے 4 ماہ میں 700 ارب روپے فلاحی تنظیموں کو عطیہ کر دیے۔
ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکنزی اسکاٹ نے یہ خطیر رقم 384 فلاحی تنظیموں کو دی جو مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔
اپنے ایک مضمون میں انہوں نے لکھا کہ کورونا وبا عام امریکی شہریوں کی زندگی پر تباہ کن اثرات چھوڑ رہی ہے، خواتین، سفید فام افراد اور غربت میں پھنسے لوگوں کی زندگیاں اس وبا کے معاشی اور صحت سے متعلق اثرات سے مزید بدتر ہو گئی ہیں جبکہ کھرب پتی افراد کی دولت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ادارے نے 6490 تنظیموں کا جائزہ لیا اور ان میں سے 384 کو عطیات دینے کے لیے منتخب کیا۔
واضح رہے کہ مکینزی اسکاٹ نے اپنے سابق شوہر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے گزشتہ سال علیحدگی میں دولت کا ایک چوتھائی حصہ وصول کیا تھا اور اب یہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون ہیں۔