
اپوزیشن فوج سمیت کسی بھی ذریعہ سے حکومت گرانا چاہتی ہے ،وزیراعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے ، یہ لوگ فوج سمیت کسی بھی ذریعہ سے حکومت گرانا چاہتے ہیں کیونکہ چینی ،قبضہ اورسیاسی مافیا کی چوریاں پکڑی جارہی ہیں ۔لوداں تا ملتان سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ (ن)لیگی حکومت کہتی تھی کہ ہم نے سڑکوں کا جال بچھایا تو پچھلی حکومت نے صرف دو ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائیں جبکہ ہم نے تین ہزار کلومیٹر سڑکیں صرف ڈھائی سال میں بنائی ہیں اور تحریک انصاف حکومت نے
پچھلی حکومت کے مقابلے میں سڑکیں بھی زیادہ بنائی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے وزراء اور اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں ، لودھراں ملتان سڑک کی تکمیل سے فاصلے کم ہوں گے اور ملکی معیشت کیلئےبھی مدد گار ثابت ہو گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ ابھی ہمیں ایک سال نہیں گزرا تھا کہ یہ لوگ کہنا شروع ہو گئے کہاں ہے نیا پاکستان؟ مگر ہم نے ڈھائی سال بڑے صبر سے گزارے ، میڈیا پر اپوزیشن نے تنقید کی کہ پاکستان تباہ ہو گیا اور کل بھی اپوزیشن نے ڈرامہ کیا ہے کہ پاکستان بربادی کی طرف چلا گیا ہے ہمیں مسلسل ہر روز تنقید سننا پڑی ہے اور میڈیا نے بھی لوگوں کو بھی تاثر دیا کہ
ایک دم بٹن دبائیں گے اور نیا پاکستان بن جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ جدوجہد سے معاشرے میں تبدیلی آتی ہے اور کوئی بھی چیز اگر آپ سٹیٹس کو کو بدلنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے لمبی جدوجہد کرنا پڑتی ہے ۔یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ آپ نے آزادی حاصل کرنا ہوتی ہے جیسے انگریزوں سے آزاد ی کیلئے لوگوں نے قربانیاں دیں ۔ہمیں بھی سٹیٹس کو کو توڑنے کے لئے قربانیاں دینا ہو ں گی ۔ہمیں مافیا سے آزادی حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہو گی کیونکہ ہر جگہ مافیا بیٹھا ہے جو چاہتاہے کہ موجودہ حکومت ناکام ہو ۔یہ ہماری نسلوں کے لئے بھی جدوجہد ضروری ہے ، یہ قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے ،آج آپ سارے خوشحال ملک دیکھ لیں گے
جو بھی خوشحال ہے وہاں قانون کی حکمرانی ہے وہاں طاقتور قانون کے تابع ہے وہاں کوئی چینی اور قبضہ مافیا نہیں ہے ، وہاں کوئی سیاسی مافیا نہیں بیٹھا ۔ہمارے ملک میں خودکو جمہوریت پسند کہنے والے فوج کو کہتے ہیں کہ حکومت گرا دو ۔ان سب کا مقصد اپنے ذاتی مفادات کی حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں اس کے لئے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں ،ان لوگوں کا باہر اربوں روپے ڈالر پڑے ہیں ، ان کی چوری سامنے آرہی ہیں اس لئے ان لوگوں کی کوشش ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح موجودہ حکومت کوگرانا چاہتے ہیں ۔