پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت، الیکشن کمیشن کا متفقہ فیصلہ، شوکاز نوٹس جاری

لاہور(نقارخانہ نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا متفقہ فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق تحریک انصاف نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز وصول کئے جن کو مخفی رکھا گیا، 13 بینک اکاونٹس بھی چھپائے۔ تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ تین رکنی بنچ کا متفقہ فیصلہ ہے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں غلط ڈیکلیریشن جمع کرایا۔ سربراہ تحریک انصاف نے سال 2008 سے2013 تک غلط ڈیکلریشن دیئے۔ 13 بنک اکاونٹس چھپانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہاکہ پی ٹی آئی نے امریکہ سے ایل ایل سی سے فنڈنگ لی۔ کمیشن مطمئن ہوگیا کہ مختلف کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نے شروع میں 8 اکاونٹس کی تصدیق کی۔ تحریک انصاف نے عارف نقوی سے فنڈز لیے۔ پی ٹی آئی نے 34 غیر ملکیوں سے فنڈز لیے اور 8 اکائونٹس کو اون کیا جبکہ تحریک انصاف نے 13 اکائونٹس پوشیدہ رکھے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ابراج گروپ، آئی پی آئی اور یوایس آئی سے فنڈنگ لی گئی ہےِ کیوں نہ ممنوعہ فنڈز ضبط کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈز وصول کرنے پر تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جبکہ قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلے کی کاپی وفاق کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ سیاسی فیصلے الیکشن کمیشن نہیں ، عوام فیصلہ کرتی ہے۔ پی ٹی آئی اکیلی پارٹی ہے جس نے سیٹھ نہیں رکھے ہوئے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کیس میں کسی قسم کی کوئی فارن فنڈنگ نہیں نکلی، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نوٹس جاری ہواہے جس کا بھرپور جواب دیں گے۔
تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس دائر کرنے والے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، پاکستان کی سیاست میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا اور ان پر بھروسہ کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی نے غلط بیانی کی اور اکاونٹس پوشیدہ رکھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

We are working hard for keeping this site online and only showing these promotions to get some earning. Please turn off adBlocker to continue visiting this site