
پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 20 ہزار سے بھی کم رہ گئے
پاکستان میں کورونا وبا کا زور ٹوٹ گیا ہے، اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار سے بھی کم ہو چکی ہے، بقیہ افراد صحتیاب ہو کر گھر واپس جا چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے نئے 727 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 21 افراد اس وبا سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
اب تک وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 863 ہو چکی ہے جن میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 مریض صحتیاب ہو کر گھر واپس جا چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 93 ہزار 847 جبکہ سندھ میں ایک لاکھ 22 ہزار 373 کیسز سامنے آئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 34 ہزار 359، بلوچستان میں 11 ہزار 793، گلگت بلتستان میں 2234، اسلام آباد میں 15 ہزار 141 جبکہ آزاد کشمیر میں 2116 ہو گئی ہے۔
‘میں نے غلطی کر دی’ کورونا کو جھوٹ سمجھنے والے نوجوان کے آخری الفاظ
کیا کورونا وائرس اپنی ہیئت تبدیل کر کے دنیا میں وبا پھیلا رہا ہے؟
پنجاب میں اس وبا کے ہاتھوں 2162، سندھ میں 2245، خیبرپختونخوا میں 1215، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 55 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 55 اور اسلام آباد میں 167 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا جبکہ پہلی موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔
26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں 2 ہزار کے قریب مریض اور 26 اموات رپورٹ ہوئی تھیں، اپریل کے آخر تک وبا کا پھیلاؤ بڑھ گیا تھا اور ساڑھے 16 ہزار مریض اور 385 اموات واقع ہوئی تھیں۔
مئی میں 48 ہزار نئے کیسز سامنے آئے اور 979 اموات واقع ہوئیں جبکہ جون کے دوران مریضوں کی تعداد میں تیزی آ گئی، اس ماہ اب تک ایک لاکھ 41 ہزار نئے کیسز آئے اور 2800 اموات کا اضافہ ہوا۔
برطانیہ میں کورونا کے اینٹی باڈی ٹیسٹ کا 20 منٹ میں نتیجہ دینے کا تجربہ کامیاب