معیشت سنبھالنے کے دعویدار اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں:عمران خان

لاہور(نقارخانہ نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔پنجاب کے سیاسی منظر نامہ اور وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی۔زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے راسخ الٰہی بھی موجود تھے، ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال، اعتماد کے ووٹ کے معاملات پر بات چیت کی گئی، چودھری پرویزالٰہی نے ارکان اسمبلی سے رابطوں پر اعتماد میں لیا۔ملاقات کے دوران عمران خان اور پرویز الٰہی کا اس بات پر اتفاق تھا کہ پنجاب اسمبلی میں پنجاب حکومت کی نمبرز گیم پوری ہے، دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کی منفی سرگرمیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔عمران خان ملاقات کے دوران تمام ایشوز پر کھل کر گفتگو کی، خاص طور پر آٹے کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں، لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہو گا، اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں، پنجاب حکومت کی ڈائریکشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے این آر او کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہر فیصلے پر ساتھ کھڑے رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے، 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں، مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہو چکا ہے، ہمارے ہر اقدام کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

We are working hard for keeping this site online and only showing these promotions to get some earning. Please turn off adBlocker to continue visiting this site