
فواد چوہدری لاہور سے گرفتار ی کے بعد ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش، راہداری ریمانڈ کی استدعا، وجہ کیا بنی ؟
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو کینٹ کچہری کی عدالت میں پیش کردیا۔پولیس نے سخت سکیورٹی میں فواد چوہدری کو لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر ان کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مدثر کیس کی سماعت کررہے ہیں جب کہ اس موقع پر پولیس نے فواد چوہدری کے رہداری ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔ پراسیکیوشن نے کہا کہ کوہسار پولیس نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ کی ضروری ہے۔ فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے, راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، یہ جائیں اور اسلام آباد میں جا کر پیش کریں، ایک روزہ راہداری ریمانڈ لے کر کہیں اور لے کر جانا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائے، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔ وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔واضح ر ہےکہ فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے جو سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ فواد چوہدری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو پولیس نے لاہور سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے دو ویڈیوز شیئر کیں جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ فواد چوہدری کو اس گاڑی میں لےجایا گیا۔
بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف تھانہ کوہسار میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا جس کے مطابق فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو ان کے فرائض منصبی سے روکنے کے لیے ڈرایا دھمکایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں الیکشن کمیشن کو منشی قرار دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو دھمکی دی تھی زیادتیوں کا سلسلہ نہ رکا تو انہیں اسے ادا کرنا پڑے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا پولیس کو دعوت دیتے ہیں ہم ہے تو عمران خان کو گرفتار کرے۔