
کورونا وبا سے چین میں امریکہ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں، صدر ٹرمپ کا دعویٰ
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین میں امریکہ کی نسبت کورونا وائرس سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
کورونا وائرس پر پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے اموات میں ہم نمبر ون نہیں بلکہ چین نمبر ون ہے، وہاں ہلاکتیں ہم سے کہیں زیادہ ہیں، ہم ان کے قریب بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ہم بھی جانتے ہیں اور چین بھی جانتا ہے لیکن وہ رپورٹ نہیں کر رہا، میں کسی دن اس بات کی وضاحت کروں گا۔
کیا کورونا وائرس کا آغاز چین کی لیبارٹری سے ہوا؟ امریکہ نے تحقیقات شروع کر دیں
چین میں دو قسم کی کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری
صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اپنا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس چین میں ہی روکا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا اور اب پوری دنیا اس کا سامنا کر رہی ہے۔
بدھ کے روز بھی ایک رپورٹر نے ان سے سوال کیا تھا کہ امریکہ میں دنیا کی 4 فیصد آبادی رہتی ہے لیکن پوری دنیا میں ہونے والی ہلاکتوں میں امریکہ کا حصہ 24 فیصد ہے، اس کی وجہ کیا ہے؟
اس پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آپ کا کیا سمجھتے ہیں، دوسرے ملک درست اعدادوشمار دے رہے ہیں؟ کیا چین جیسے وسیع ملک سے آنے والے اعدادوشمار کو آپ درست سمجھتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہماری رپورٹنگ بہت اچھی ہے اور ہم کورونا سے ہونے والی تمام اموات بتا رہے ہیں، ہمارے ہاں کیسز اس لیے زیادہ ہیں کہ ہم انہیں رپورٹ کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ دنیا میں بہت سے ممالک بہت بڑی مشکل میں مبتلا ہیں اور وہاں کورونا نے بہت نقصان کیا ہے لیکن وہ حقائق بیان نہیں کر رہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جرمنی کو چھوڑ کر ہم دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کی نسبت زیادہ بہتر صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔